کباب کا نام لیا جائے اور منہ میں پانی نہ آئے یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ یہ ہر کسی کی مرغوب غذا ہے، جسے بنانے کے بہت سے طریقے ہیں۔اسے مرغی، بکرے اور گائے کے گوشت سے بنایا جاتا ہے، تاہم گائے کے گوشت سے بنے کباب سب سے زیادہ پسندیدگی حاصل کرتے ہیں۔ کباب کو سیخ، گرل یا توے پر پکایا جاتا ہے۔اسے روٹی، پراٹھے، چاول یا بریڈ سے کھایا جاتا ہے جبکہ کئی افراد ان کے بغیر بھی کھانا پسند کرتے ہیں۔ ویسے تو ’کباب‘ عربی زبان کا لفظ ہے لیکن ترک، ایرانی اور وسطی ایشیائی بھی اس پر اپنا دعویٰ جماتے ہیں۔ کباب کی ابتدا مشرق وسطی سے ہوئی اور یہ ایشیا کی بہت مشہور ڈش ہے بلکہ اب تو پوری دنیا میں اسے بڑے ذوق وشوق سے کھایا جاتا ہے۔ ہر علاقے میں کباب بنانے کے مختلف انداز اسے لذیذ اور چٹخارےدار بناتے ہیں۔