
لاہور ڈالر، پٹرول اور ڈیزل کی ٹرپل سینچری ہونے کے بعد چینی کی قیمت بھی ڈبل سینچری کے قریب پہنچ گئی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے ہو جانے کا خدشہ، کئی شہروں میں چینی کی قیمت 190 روپے ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کیے جانے کے بعد ملک میں مہنگائی کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
ملکی تاریخی میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ڈالر، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے سے زائد ہو گئی۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 305 روپے، پٹرول کی قیمت بھی 305 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 311 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ اب ملک میں چینی مہنگی ہونے کا بھی نیا ریکارڈ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے کئی شہروں میں چینی کی فی کلو قیمت 190 روپے ہو گئی، جس کے بعد خدشہ ہے کہ ایک سے دو روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت 200 روپے ہو جائے گی۔