
مری: (ڈیلی پاکستان آن لائن) مری میں نامعلوم افراد نے بینکوں کی
متعدد اے ٹی ایمز میں ایلفی ڈال کر بلاک کر دیا جس پر شہری حیران و
پریشان نظر آئے۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق بینکوں کی اے ٹی ایمز میں ایلفی ڈالنے
کا اپنی نوعیت کا عجیب واقعہ پیش آیا، مری میں شہری جب ایک بینک
کی اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پہنچے تو ایلفی ڈالنے کا انکشاف ہوا۔
جلدی میں ہونے کے سبب قریبی اے ٹی ایمز چیک کی گئیں تو نصف
درجن کے قریب اے ٹی ایم کو ایسے ہی بلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا
ہے کہ ملوث افراد کو جلد پکڑ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایسی ہی ایک واردات پشاور میں کی گئی تھی جہاں ایلفی
ڈال کر چوروں نے مخصوص تکنیک استعمال کر کے 33 لاکھ روپے اڑا
لئے تھے۔