
لاہور قومی ٹیم کی بھارت روانگی کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ویزوں کے اجراء میں تاخیر کا معاملہ بالآخر حل ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیئے جس کے بعد قومی ٹیم بدھ کو براستہ دبئی بھارت روانہ ہوگی، پاکستانی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کو بھارتی ویزوں کے اجراء کی تصدیق کردی ہے۔ پی سی بی کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن نے پاسپورٹ وصول کرنے کیلئے ای میل کردی ہے، قومی ٹیم 26 اور 27 کی درمیانی شب کو بھارت روانہ ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے بروقت ویزوں کا اجراء نہ کرنے پر آئی سی سی کو احتجاج ریکارڈ کرایا تھا جس کے بعد آئی سی سی حکام کی جانب سے بھارتی حکام سے رابطہ کیا گیا۔