
راجن پور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے193 پر ضمنی انتخاب کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اورغیر سرکاری نتائج سامنے آگئے۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے محمد محسن لغاری 90392 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر رہے جبکہ مسلم ليگ ن کے عمار احمد خان لغاری 55218 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔ین اے 193 راجن پور میں کامیابی پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ‘پی ٹی آئی کے خلاف سرکاری مشینری،نیوٹرلز اور الیکشن کمیشن کے مابین گٹھ جوڑ کے باوجود زوردار کامیابی پر محسن لغاری، کارکنان اور ووٹرز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ مجھےخدشہ ہےکہ اس سے پی ڈی ایم اور اس کے سر پرستوں پر مزید خوف طاری ہوگا۔اس کے علاوہ عمران خان نے کہا کہ میں عوام کا شکرگزار ہوں جو تحریک انصاف کا ساتھ دینے اور این اے 193 میں مافیاز کو شکستِ فاش سے دوچار کرنے کیلئے اس جذبے اور جنون سے تحریک انصاف کو منتخب کرنے نکلے۔
خیال رہے کہ این اے 193 کی نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے سردار جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔